مواد کی طرف جائیں (Skip to main content)
علمی، فکری، تحقیقی و دعوتی ترجمان — قائم شدہ: 1978ء
تازہ شمارہ: جولائی تا ستمبر 2026ء

رکے تھے، بکھرے نہیں تھے

ماہنامہ حیاتِ نو کی تجدیدِ اشاعت پر مدیرِ اعلیٰ کا اداریہ اور نیا لائحۂ عمل

حجمِ خط:
رسم الخط:
خلاصۂ مقالہ:کبھی کبھی دورانِ سفر ایسے موڑ آ جاتے ہیں جہاں قدموں کی رفتار کم ہو جاتی ہے، قافلے کچھ دیر کے لیے ٹھہر جاتے ہیں اور راستے کی گرد بیٹھنے لگتی ہے۔ لیکن ہر توقف اختتام نہیں ہوتا اور ہر خاموشی شکست کی علامت نہیں ہوتی۔ بعض اوقات یہی وقفے نئے عزم اور نئے آغاز کا ذریعہ بنتے ہیں۔

کبھی کبھی دورانِ سفر ایسے موڑ آ جاتے ہیں جہاں قدموں کی رفتار کم ہو جاتی ہے، قافلے کچھ دیر کے لیے ٹھہر جاتے ہیں اور راستے کی گرد بیٹھنے لگتی ہے۔ لیکن ہر توقف اختتام نہیں ہوتا اور ہر خاموشی شکست کی علامت نہیں ہوتی۔ بعض اوقات یہی وقفے نئے عزم اور نئے آغاز کا ذریعہ بنتے ہیں۔

“حیاتِ نو” آج اسی احساس کے ساتھ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ صرف ایک نئے شمارے کی آمد نہیں، بلکہ ایک علمی روایت کی تجدید اور ایک فکری سفر کے دوبارہ آغاز کا اعلان ہے۔

سنہ 1978ء سے جاری یہ جریدہ جامعۃ الفلاح کی علمی و فکری روایت، فارغین کے باہمی ربط اور دعوتی شعور کی علامت ہے۔ اس کے صفحات میں نسلوں کی محنتیں، اہلِ قلم کی کاوشیں اور ایک بڑے مقصد کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔

گزشتہ عرصے میں کچھ حالات ایسے پیش آئے جن کے باعث اس سفر میں وقفہ آیا۔ اختلافات اجتماعی زندگی کا حصہ ہیں۔ مزاج، رائے اور زاویۂ نگاہ کا فرق انسانی فطرت ہے۔ لیکن ہر اختلاف دشمنی نہیں ہوتا، اور ہر رائے کا فرق تعلقات ختم کرنے کا سبب نہیں بننا چاہیے۔ وہ اختلاف جو فکر کو وسعت دے، باعثِ خیر ہے، لیکن جو دلوں میں فاصلے پیدا کرے، اس پر نظرِ ثانی ضروری ہے۔

ہمیں خوشی ہے کہ آج ہم ایک نئے عزم کے ساتھ پھر جمع ہیں۔ ہم رکے تھے، بکھرے نہیں تھے۔ ہمارے درمیان تعلق کی بنیاد ایک مشترک مقصد، مشترک نسبت اور مشترک امانت ہے۔ قافلے راستے کی رکاوٹوں سے نہیں، اپنی منزل سے پہچانے جاتے ہیں۔

حیاتِ نو ایک فکری و تنظیمی امانت ہے۔ یہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے فلاحی برادران کے درمیان تعلق اور وابستگی کا ذریعہ ہے، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں مقیم فلاحی برادری کے لیے مادرِ علمی سے وابستگی کی ایک زندہ علامت ہے۔ یہ جریدہ مشرقِ وسطیٰ میں مقیم فلاحی فضلاء کی علمی و دعوتی سرگرمیوں اور ہندوستان کی تعلیمی و فکری روایت کے درمیان ایک رابطے کی کڑی ہے، جو دونوں جہتوں کے تجربات اور افکار کو ایک دوسرے تک پہنچانے کا ذریعہ بنتا ہے۔

اسی مقصد کے تحت اس شمارے میں قرآن، سیرتِ رسول ﷺ، صحابۂ کرام کی زندگیوں، عصرِ حاضر کے فکری مسائل، تعلیم و تربیت، ادب اور دیگر علمی گوشوں کو شامل کیا گیا ہے۔

ہم نے “آگہی کے چراغ”کے عنوان سے ایک نئے گوشے کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد نئے قلم کاروں کو اظہار کا موقع دینا، ان کی فکری و تحریری تربیت کرنا اور پختہ کار اہلِ قلم کی رہنمائی سے استفادہ کرنا ہے۔ ہر شمارے میں ایک مرکزی موضوع منتخب کیا جائے گا، جس کے تحت سات سے دس ذیلی عناوین پر مختصر اور جامع مضامین پیش کیے جائیں گے۔ اس شمارے میں “اسلامی نیا سال: ہجرت، محرم اور عصرِ حاضر کے تقاضے” کو مرکزی عنوان بنایا گیا ہے۔

قارئین اور فلاحی برادری کے لیے یہ خوش خبری بھی ہے کہ طویل تعطل کے باعث غیر فعال ہونے والی حیاتِ نو کی ویب سائٹ اور آن لائن آرکائیو الحمدللہ دوبارہ بحال ہو چکے ہیں، اور اب سابقہ شمارے دوبارہ دستیاب ہیں۔ ایک مخلص فلاحی کے تعاون سے یہ مرحلہ مکمل ہوا۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ مضامین کو یونیکوڈ متن کی صورت میں بھی پیش کیا جائے، تاکہ استفادہ مزید آسان ہو سکے۔

اس شمارے میں کچھ نئی جہتیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ “قندِ مکرر”کے عنوان سے قدیم شماروں کی منتخب علمی و ادبی تحریریں دوبارہ پیش کی جائیں گی، تاکہ ہمارا علمی سرمایہ نئی نسل تک پہنچے۔ اسی طرح “حیاتِ نو: عکس و آواز”کے ذریعے اہم خطبات اور علمی پروگراموں تک ڈیجیٹل رسائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

آج کے دور میں جہاں معلومات کی فراوانی ہے وہیں گہری فکر کی کمی محسوس ہوتی ہے، سنجیدہ مطالعہ اور بامقصد تحریر کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ چند لمحوں کی مصروفیت انسان کو مشغول تو رکھ سکتی ہے، لیکن چند صفحات کا مطالعہ اسے سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔

ہماری دعا اور کوشش ہے کہ حیاتِ نو کا یہ سفر صرف سہ ماہی اشاعت تک محدود نہ رہے، بلکہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے وہ دن بھی آئے جب یہ ماہنامہ کی صورت میں زیادہ وسیع حلقے تک پہنچے اور علم، فکر اور دعوت کا ذریعہ بنے۔

ہم اپنے قارئین، اہلِ قلم، فارغین اور بالخصوص تمام فلاحی برادران سے تعاون، تجاویز اور دعاؤں کے طلب گار ہیں۔ آئیے! ماضی کو تجربہ، حال کو عزم اور مستقبل کو امید بنائیں۔

اللہ تعالیٰ حیاتِ نو کو علمِ نافع، فکرِ صالح اور عملِ خیر کا ذریعہ بنائے۔

آپ کا مخلص،

خبیب کاظمی

کاروانِ حیاتِ نو کا ایک ادنیٰ مسافر۔

ق

خبیب کاظمی

(ایڈیٹر، ماہنامہ حیاتِ نو)

ماہنامہ حیاتِ نو کے مدیرِ اعلیٰ، ممتاز صحافی، فلاحی فاضل اور اسلامی فکر و ادب کے متحرک قلم کار۔

مصنف کے تمام مضامین دیکھیں ←